آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر بیرامے ڈیوپ سے ملاقات

ISPR
ISPR

اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر بیرامے ڈیوپ سے ملاقات کی۔

اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملک بھر میں سیلاب سے پیدا ہونے والی قدرتی آفت سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے اقوام متحدہ کے بنیادی اقدار کے فروغ اور بحران کے دوران فوری ردعمل میں اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر کے دفتر کے کردار کو سراہا۔اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

انہوں نے سیلاب متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر نےاقوام متحدہ کے امن مشن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی کامیابیوں میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔