تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ، ایرانی وزیر خارجہ کاای سی او وزراتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں شعبے اقتصادی استحکام، باہمی روابط اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان اجتماعی سلامتی کے فروغ کے لئے سٹریٹجک ستون کی حیثیت رکھتے ہیں

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں شعبے اقتصادی استحکام، باہمی روابط اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان اجتماعی سلامتی کے فروغ کے لئے سٹریٹجک ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سید عباس عراقچی نے پیر کو اسلام آباد میں ای سی او وزراتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال میں تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کو ای سی او تعاون کے تین سٹریٹجک ستونوں کی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، خطے میں تجارت کو آسان بنانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے اجتماعی استحکام کو تقویت ملے گی، بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی آئے گی اور ایک زیادہ مربوط اور خود کفیل خطے کے قیام کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے ای سی او تجارتی معاہدے میں اصلاحات کیلئے تکنیکی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کو فعال انداز میں آگے بڑھائیں اور دیگر رکن ممالک کو بھی اس عمل میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔

انہوں نے کہا کہ ایک جدید، جامع اور موثر تجارتی معاہدہ علاقائی تجارت کو وسعت دینے، اقتصادی استحکام مضبوط بنانے اور خطے کے عوام کیلئے فوائد پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ سید عباس عراقچی نے اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کی وزارت خارجہ اور ای سی او سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی وفد کی پرتپاک مہمان نوازی پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے بالخصوص ان رکن ممالک اور دیگر ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایران کی علاقائی سالمیت اور عوام کے خلاف جارحیت کی کارروائیوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کی اور ایرانی حکومت و قوم کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جارحیت کے دوران ایران کے سپریم لیڈر سمیت متعدد اعلیٰ سیاسی و عسکری عہدیداروں اور دیگر بے گناہ افراد کی شہادتوں کے بعد اس طرح کی حمایت خاص اہمیت رکھتی ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے تنازع کے دوران انسانی نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے 5 ہزار سے زائد شہری جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں میناب سکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ہمیشہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کرتا رہا ہے تاہم فوجی جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دبائو اور ناکہ بندیوں نے خطے میں عدم تحفظ کی صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیج فارس میں موجودہ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے گردونواح کی صورتحال کو ان معاندانہ پالیسیوں اور فوجی کارروائیوں کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ تہران کے علاقائی ممالک کے ساتھ کوئی بنیادی تنازعات نہیں اور وہ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ علاقائی ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو ایک دوسرے کے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے حقیقی، جامع اور علاقائی ملکیت پر مبنی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا جن کی بنیاد عدم جارحیت اور اس اصول پر ہو کہ کسی تیسرے فریق کو ایک ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف جارحیت کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

توانائی کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ توانائی کی ترسیل کے تحفظ، مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے اور جغرافیائی و سیاسی تبدیلیوں اور رکاوٹوں کے مقابلے میں اجتماعی استحکام مضبوط بنانے کیلئے ایک قابل اعتماد اور پائیدار علاقائی توانائی نظام تشکیل دیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عائد ناکہ بندی ختم کرنے اور بے گھر فلسطینیوں تک خوراک، ادویات، عارضی پناہ گاہوں اور تعمیر نو کے سامان کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026ء میں 6 پوزیشنیں حاصل کرکے تمام جامعات کو پیچھے چھوڑ دیا فیصل آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نےپنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ہونہار پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026ء میں مختلف اختراعی منصوبوں کی کیٹیگریز میں 6 پوزیشنیں حاصل کر لی ہیں۔ مقابلے میں 80 جامعات نے شرکت کی جبکہ 350 منصوبوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے تمام جامعات میں سب سے زیادہ پوزیشنیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے ہمراہ کامیاب فیکلٹی ممبران میں انعامات تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”یمکن فوڈز“ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد کی قیادت میں پیش کیے گئے منصوبے ”فوڈ سکیورٹی کے فروغ، غذائی قلت کے خاتمے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، پائیداری کے استحکام اور غذائی نظام میں تبدیلی کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی سویا بین کی اقسام کا فروغ“ نے بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر رضیہ ندیم کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”صنعتی فضلے سے بھاری دھاتوں کے خاتمے کے لیے ضائع شدہ مواد سے ماحول دوست جاذب ٹیکنالوجی کی تیاری“ نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈاکٹر شہباز ناصر خان کی قیادت میں پیش کیے گئے منصوبے ”بائیو ہوم انرجی: صاف ستھری کھانا پکانے کی توانائی کے لیے ایک ہزار لیٹر کے گھریلو بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب“ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید برآں ڈاکٹر صدف شکور کے منصوبے ”ایکو تھرائیو لیب“ اور ڈاکٹر شہباز ناصر خان کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”ای ایف تھری ایف: نامیاتی فضلے کو ایندھن، جانوروں کی خوراک اور کھاد میں تبدیل کرنے کا مربوط نظام“ نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کی اختراعی صلاحیتوں اور تخلیقی منصوبوں کو سراہا۔ ایکسپو میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے منصوبوں کی شرکت اور رابطہ کاری کے امور بزنس انکیوبیشن سینٹر نے انجام دیے۔ اس کامیاب نمائندگی میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ساجد سہیل، ڈائریکٹر بی آئی سی ڈاکٹر اظہر علی، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈاکٹر شہباز ناصر خان اور ڈاکٹر روبینہ رشید سمیت طلبہ نے اہم کردار ادا کیا۔