ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جعفرآباد،طبی فضلے کیلئے مناسب انتظامات نہ ہونے پر تشویش

بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جعفرآباد کا دورہ کیا۔معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ہسپتال میں انفیکشن زدہ اور طبی فضلے کو تلف کرنے کے لیے انسینیریٹر موجود نہیں، جبکہ ہسپتال کے احاطے میں گڑھا کھود کر طبی فضلہ جلایا جا رہا ہے

کوئٹہ۔ 16 نومبر (اے پی پی):بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جعفرآباد کا دورہ کیا۔معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ہسپتال میں انفیکشن زدہ اور طبی فضلے کو تلف کرنے کے لیے انسینیریٹر موجود نہیں، جبکہ ہسپتال کے احاطے میں گڑھا کھود کر طبی فضلہ جلایا جا رہا ہے، جو انسانی صحت اور ماحولیات کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر شوکت بنگلزئی نے کہا کہ مشاہدے میں آنے والی خلاف ورزیوں پر اعلیٰ حکام سے منظوری کے بعد ہسپتال انتظامیہ کو باضابطہ نوٹس جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی قوانین اور ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ رولز پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں معاملہ ماحولیاتی تحفظ ٹربیونل (ای پی ٹی) میں بھیجا جا سکتا ہے، جہاں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد، ہسپتالوں کے طبی فضلے کی محفوظ تلفی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026ء میں 6 پوزیشنیں حاصل کرکے تمام جامعات کو پیچھے چھوڑ دیا فیصل آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نےپنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ہونہار پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026ء میں مختلف اختراعی منصوبوں کی کیٹیگریز میں 6 پوزیشنیں حاصل کر لی ہیں۔ مقابلے میں 80 جامعات نے شرکت کی جبکہ 350 منصوبوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے تمام جامعات میں سب سے زیادہ پوزیشنیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے ہمراہ کامیاب فیکلٹی ممبران میں انعامات تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”یمکن فوڈز“ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد کی قیادت میں پیش کیے گئے منصوبے ”فوڈ سکیورٹی کے فروغ، غذائی قلت کے خاتمے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، پائیداری کے استحکام اور غذائی نظام میں تبدیلی کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی سویا بین کی اقسام کا فروغ“ نے بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر رضیہ ندیم کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”صنعتی فضلے سے بھاری دھاتوں کے خاتمے کے لیے ضائع شدہ مواد سے ماحول دوست جاذب ٹیکنالوجی کی تیاری“ نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈاکٹر شہباز ناصر خان کی قیادت میں پیش کیے گئے منصوبے ”بائیو ہوم انرجی: صاف ستھری کھانا پکانے کی توانائی کے لیے ایک ہزار لیٹر کے گھریلو بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب“ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید برآں ڈاکٹر صدف شکور کے منصوبے ”ایکو تھرائیو لیب“ اور ڈاکٹر شہباز ناصر خان کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”ای ایف تھری ایف: نامیاتی فضلے کو ایندھن، جانوروں کی خوراک اور کھاد میں تبدیل کرنے کا مربوط نظام“ نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کی اختراعی صلاحیتوں اور تخلیقی منصوبوں کو سراہا۔ ایکسپو میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے منصوبوں کی شرکت اور رابطہ کاری کے امور بزنس انکیوبیشن سینٹر نے انجام دیے۔ اس کامیاب نمائندگی میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ساجد سہیل، ڈائریکٹر بی آئی سی ڈاکٹر اظہر علی، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈاکٹر شہباز ناصر خان اور ڈاکٹر روبینہ رشید سمیت طلبہ نے اہم کردار ادا کیا۔