پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (جے آئی سی) کا چھٹا اجلاس (کل) منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ رشید مردوف کریں گے
پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوگا

مزید خبریں
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان ترکمانستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (جے آئی سی) کا چھٹا اجلاس (کل) منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ وزرا و وزیر خارجہ رشید مردوف کریں گے۔ترکمانستان کے وزیر خارجہ اعلیٰ سطح کے وفد کی قیادت کریں گے، جس میں سینئر سرکاری حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ اور علاقائی روابط، صنعت، سیاحت، ثقافت، اعلیٰ تعلیم، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، بینکاری اور مالیات سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔دونوں ممالک کے درمیان اہم علاقائی رابطہ کاری اور توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے، جن میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبہ (تاپی) اور مجوزہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان بجلی کی ترسیل کا منصوبہ (ٹی اے پی) شامل ہیں۔
کمیشن کے اجلاس کے موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی دوطرفہ ملاقات بھی ہوگی جس میں پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات کا جائزہ لینے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کمیشن کا اجلاس دوطرفہ اقتصادی روابط کو نئی توانائی دینے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا پانچواں اجلاس 17 اور 18 اگست 2017 کو اشک آباد میں منعقد ہوا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ تاریخ، ثقافتی قربت، باہمی احترام اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں مشترکہ مفادات پر استوار ہے۔چھٹے اجلاس کا انعقاد دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے ، دیرینہ دوستی کو ٹھوس اقتصادی تعاون اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔







