بیجنگ ۔11اپریل (اے پی پی):چین نے کہا ہے کہ اگر امریکا بات چیت چاہتا ہے تو اسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔ شنہوا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا کہ اگر امریکا واقعی مذاکرات اور گفت و شنید کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے تواسے غیر ذمہ دارانہ رویہ تبدیل کر ناہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ چین نے متعدد بار محصولات کے معاملے پر اپنا پختہ موقف واضح کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ٹیرف یا تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ہے اور چین ایسی جنگوں میں ملوث نہیں ہونا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کرنے سے نہیں ڈرتے ہیں لیکن ہم اس کے حامی نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بات چیت برابری، باہمی احترام اور باہمی فائدے کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا ٹیرف جنگوں اور تجارتی جنگوں کو بڑھانے پر اصرار کرتا ہے تو چین اس چیلنج کا پوری طرح سے جواب دے گا۔
ترجمان لن جیان نے کہا کہ ایک ذمہ دار قوم کے طور پرامریکی غنڈہ گردی کے ہتھکنڈوں کے خلاف چین کے جوابی اقدامات کا مقصد نہ صرف اس کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کرنا ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنا، تمام ممالک کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرنا اور عالمی منصفانہ اور انصاف کا دفاع کرنا ہے۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ چین کے لئے امریکی تسلط اور جبر کے سامنےسمجھوتہ اور رعایت قابل عمل آپشن نہیں ہے ۔ ■
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580653