راولپنڈی۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مری فیصل احمد کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد ڈینگی لاروا کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانا اور ممکنہ ڈینگی کیسز سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں محکمہ صحت اور الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں فوگنگ سرگرمیوں کے ساتھ آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مری فیصل احمد نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انسداد ڈینگی ٹیمیں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے متاثرہ علاقوں میں عوام کو آگاہی بھی فراہم کریں۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے لاروا کی افزائش کا خطرہ موجود ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام الائیڈ ڈیپاٹمنٹس محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مل کر انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنائیں۔