مری میں دہائیوں بعد ریکارڈ توڑ برف باری، ضلعی انتظامیہ نے چیلنج کو فتح میں بدل دیا، تمام راستے بحال

مری ۔27جنوری (اے پی پی):ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ 25 سالہ ریکارڈ توڑنے والی غیر معمولی برف باری اور شدید برفانی طوفانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ مسلسل 21 گھنٹے جاری رہنے والے چوتھے سپیل کے اختتام پر تمام شاہراہیں سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے …

مری ۔27جنوری (اے پی پی):ملکہ کوہسار مری میں گزشتہ 25 سالہ ریکارڈ توڑنے والی غیر معمولی برف باری اور شدید برفانی طوفانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

مسلسل 21 گھنٹے جاری رہنے والے چوتھے سپیل کے اختتام پر تمام شاہراہیں سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے کہا کہ جدید حکمت عملی اور تمام اداروں کی فیلڈ میں موجودگی کی بدولت اتنی شدید برف باری کے باوجود ٹریفک کی روانی کو رکنے نہیں دیا گیا۔ڈی پی او مری کے مطابق اس ونٹر سیزن میں مری کو غیر معمولی موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا۔

مری میں لگ بھگ 20 سے 25 سال بعد ایسی انوکھی برف باری دیکھی گئی جہاں 35 گھنٹے طویل ’سنو بلیزرڈ‘ (شدید برفانی طوفان) نے نظام زندگی کو چیلنج کیا۔پہلے طوفان کے فوراً بعد 22 گھنٹے طویل ایک اور برفانی طوفان نے مری کو اپنی لپیٹ میں لیا۔برف باری کا چوتھا سپیل گزشتہ 21 گھنٹوں سے جاری رہنے کے بعد اب ختم ہو گیا ہے۔ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے بتایا کہ اس پوری صورتحال میں سب سے بڑی اچیومنٹ ’زیرو انسیڈنٹ‘ رہی۔

مری پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب کی ہائی وے پٹرولنگ، موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کے جوانوں نے منفی 5 ڈگری درجہ حرارت میں دن رات کام کیا۔ ایکسپریس وے اور ٹول پلازہ کو مسلسل کھلا رکھا گیا تاکہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کو محفوظ راستہ مل سکے۔

تمام سڑکوں پر سنو کلیئرنس آپریشن مکمل کر کے مری کو دوبارہ ایک مثالی ٹورسٹ سپاٹ کے طور پر پیش کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او مری نے تمام محکموں کے افسران اور جوانوں کی ہمت کو سراہتے ہوئے شہریوں کو پیغام دیا ہے کہ مری اب مکمل طور پر محفوظ اور کھلا ہے۔ انہوں نے سیاحوں کو دوبارہ دعوت دی ہے کہ وہ فیملیز کے ہمراہ تشریف لائیں اور مری کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوں، مری پولیس آپ کی خدمت اور حفاظت کے لیے ہمہ وقت الرٹ ہے۔