مری میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے جدید گرین الیکٹرک بسوں کا پہلا بیڑا پہنچ گیا ۔ اس اقدام کا مقصد پہاڑی سیاحتی مقام کے قدرتی حسن کا تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی اور سیاحوں و مقامی شہریوں کو بہتر، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
مری میں ماحولیاتی تحفظ اور ٹریفک کے دبائو میں کمی کے لیے گرین الیکٹرک بسیں پہنچ گئیں

مزید خبریں
مری۔30جون (اے پی پی):مری میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے جدید گرین الیکٹرک بسوں کا پہلا بیڑا پہنچ گیا ۔ اس اقدام کا مقصد پہاڑی سیاحتی مقام کے قدرتی حسن کا تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی اور سیاحوں و مقامی شہریوں کو بہتر، آرام دہ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 10 جدید الیکٹرک بسیں مری پہنچائی گئی ہیں جو جلد باقاعدہ سروس کا آغاز کریں گی۔ یہ بسیں مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہیں اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی اور ان کے ذریعے فضائی آلودگی میں کمی لانے، صاف ماحول کو برقرار رکھنے اور مری کے قدرتی حسن کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
انتظامیہ کے مطابق گرین الیکٹرک بسیں جھیکا گلی، پتریاٹہ، راولپنڈی سے لاری اور لارنس کالج سمیت اہم شاہراہوں اور سیاحتی مقامات پر چلائی جائیں گی۔ اس نئی سروس سے نہ صرف سیاحوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی بلکہ خصوصاً گرمیوں میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان جدید الیکٹرک بسوں میں مسافروں کی سہولت کے لیے جدید سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری تجربہ حاصل ہو سکے۔
مقامی شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مری کی تاریخ میں پہلی بار ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرائی جا رہی ہے جو نہ صرف مقامی آبادی بلکہ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی ایک اہم اور قابل قدر سہولت ثابت ہوگی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز جلد کیا جائے گا جس سے مری میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، فضائی آلودگی کم کرنے اور ماحول دوست سفری نظام کو فروغ دینے میں نمایاں مدد ملے گی۔








