اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لئے پاک آرمی، ایف سی اور رینجرز کوطلب کرلیا ہے،برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنےکے لئے رات بھر آپریشن جاری رہامگر اس کے باوجود 16سے19افراد کی گاڑیوں کے اندر موت واقع ہوئی ہے،مری جانے والے تمام داخلی راستے بندکردیئے گئے ہیں،مقامی لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ برفباری میں پھنسے افراد کو خوراک اور کمبل مہیا کریں۔
ہفتہ کو مری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران کی نگرانی میں سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ گذشتہ پندرہ سے بیس سال بعد شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے برفباری کے سیزن میں مری اور گلیات کارخ کیا ہے اور رات بھر آپریشن جاری رہنے کے باوجود 16سے 19 افراد موت کاشکار ہوئے ۔
انہوں نے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران برفباری میں پھنسی ایک ہزار گاڑیوں کو نکالا گیا ہے اور شام تک مزید ایک ہزار گاڑیوں کو برفباری سے نکال لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت اوراسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رات بھر آپریشن جاری رہا اور آج پاک آرمی،رینجرز اور ایف سی کے نوجوانوں کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ برفباری میں پھنسے سیاحوں کو خوراک ،گرم لباس مہیا کرنے کے ساتھ برفباری سے باہر نکالا جاسکے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ شہری دودن کے لئے مری کا رخ نہ کریں کیونکہ اتوار کی شام تک مری جانے والے تمام داخلی راستے بند کردیئے گئے ہیں۔