32 C
Islamabad
جمعرات, مئی 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںمزدوروں کا عالمی دن قومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت...

مزدوروں کا عالمی دن قومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت و کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے،محمد رمضان بٹ

- Advertisement -

لاہور۔1مئی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر میں یوم مزدور کے حوالے سے جمعرات کے روز ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ، ایچ آر ڈائریکٹر ضمیر حسین کلاچی اور لیسکو کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،قومی ترقی وخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیسکو کافیلڈ سٹاف بھی ملکی ترقی وقومی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر سخت سے سخت حالات میں اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے اور انہی لوگوں کی انتھک محنت کی وجہ سے لیسکو عوامی توقعات پر پورا اتر رہا ہے۔

- Advertisement -

چیف لیسکو نے کہا کہ ہم ان محنت کشوں کی بے پناہ قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانیں دیں، ہم ان مزدوروں کی انمول شراکت کا بھی احترام کرتے ہیں جو کھیتوں، کارخانوں اور دیگر جگہوں پر دن رات کام کرتے ہیں، وہ نہ صرف اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے سخت محنت کرتے ہیں بلکہ ملکی ترقی کے پیچھے متحرک بھی ہیں۔

چیف ایگزیکٹو انجینئر نے مزید کہا کہ محنت کش ہمارے ہیروہیں جو رزق حلال کما کر معشیت کو مضبوط کرتے ہیں،محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ محمد رمضان بٹ نے کہا کہ ہر سال یوم مزدور ہمیں دنیا بھر میں اپنی قوموں کی ترقی و خوشحالی کے لئے محنت کشوں کی قربانیوں اور انمول شراکت کا اعتراف کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے،آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفط اور ان کی اجتماعی بھلائی کے لئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590895

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں