مسئلہ کشمیر پرعالمی اداروں اورانسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے،یوسف رضاگیلانی

ملتان ۔21اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئروائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے خطہ کی صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔5 اگست کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا،27اکتوبر 1947کو بھارت نے غیرقانونی طورپر اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں اتارکر کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کو سلب کرلیا۔ان …

ملتان ۔21اکتوبر (اے پی پی):سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئروائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے خطہ کی صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔5 اگست کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا،27اکتوبر 1947کو بھارت نے غیرقانونی طورپر اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں اتارکر کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کو سلب کرلیا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے بدھ کواے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ5 اگست2019 کو بھارت نے آرٹیکل 35اے اور 370کو ختم کرکے کشمیریوں کے حقوق پرجو ڈاکہ ڈالاہم اس کی بھرپورمذمت کرتے ہیں اوریہ دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یوم سیاہ کے طورپرمنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوئے 14ماہ سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے جس پرعالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال 5 اگست کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں ، کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اورمسئلہ کشمیرحل کیے بغیرخطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہو ں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہرپلیٹ فارم پرکشمیریوں کے حقوق اورآزادی کے لیے آوازاٹھانے کے ساتھ بھارت کی طرف سے آرٹیکل 370 کے تحت خصوصی حیثیت کی منسوخی کی بھرپور مذمت کی۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی تکالیف اورمسائل کاادراک کرتے ہوئے 27اکتوبر کواس طرح یوم سیاہ کے طورپرمنائیں کہ کشمیریوں کاپیغام عالمی برادری کے ضمیرکوجھنجھوڑ سکے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کی ہے۔