اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا ٹھوس موقف ہے، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے آزادی کی تحریک کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، جب سے وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں خطاب کیا اس کے بعد تین مرتبہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہو چکی ہے، کشمیر کے حوالے سے بھارت پر دنیا کا دبائو آ رہا ہے، امریکہ سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ مسئلہ کشمیر حل کیا جائے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے موثر انداز سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، 50 سال بعد اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھایا گیا اور گزشتہ تین برسوں کے دوران تین مرتبہ سلامتی کونسل میں اس پر بحث ہو چکی ہے، اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے بھی مسئلہ کشمیر پر واضح پوزیشن لی ہے اور ان کا یہ کہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہو گا۔
منیر اکرم نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہیں، اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظمیں بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رپورٹ کر رہی ہیں، بھارت مقبوضہ وادی میں اپنے مظالم کو مزید نہیں چھپا سکتا کیونکہ اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس پر زور دیا ہے کہ وہ خود مقبوضہ وادی کے حالات کو دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر بھارت کے اوپر اندرونی دبائو بھی آ رہا ہے، اس کے دوست ممالک بھی کہہ رہے ہیں کہ بھارت زیادتی کر رہا ہے اور اسے جلد از جلد مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیئں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر کے سامنے تین شرائط رکھی ہیں کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، 5 اگست 2019ءکو اٹھائے گئے غیرقانونی اقدامات واپس لے تو پاکستان اس کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں چین کی بھرپور حمایت حاصل ہے، پاکستان نے متعدد بار چین کی مدد سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا، چین اقوام متحدہ کا مستقل اور اہم رکن ہے اس کی بات سنی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا میں کشمیر کے حوالے سے مہم چلائی ہے جس کی وجہ سے بھارت پر دنیا کا دبائو آ رہا ہے، امریکہ سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے، پاکستان بھارت پر عالمی دبائو بڑھانے کے حوالے سے اپنی مہم بھرپور انداز سے جاری رکھے گا۔