مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے ،کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پاکستان کو اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا، سینیٹر پرویز رشید

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے ،کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستان کو اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ جمعہ کو کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔سینیٹر پرویز رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کے …

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے ،کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پاکستان کو اپنا مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

وہ جمعہ کو کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔سینیٹر پرویز رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پوری قوم کا مؤقف ہمیشہ ایک رہا ہے،ہم باقی معاملات میں اختلاف رکھتے ہیں لیکن کشمیر کی آزادی کے معاملے پر ہم سب متفق ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ دنیا کو باور کرانا ضروری تھا کہ بھارت نے خود یہ وعدہ کیا تھا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دیا جائے گا۔

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ بھارت کے بانی رہنما نے بھی کشمیریوں سے وعدہ کیا تھا مگر بھارت اپنے اس وعدے پر پورا نہیں اترا۔ انہوں نے کہا کہ دو جماعتوںمسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کشمیر کاز کے ساتھ کمٹمنٹ واضح ہے جبکہ 5 اگست کے واقعات کے دوران ان جماعتوں کے رہنما جیلوں میں تھے،جو غلطیاں ہو چکیں انہیں پس پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہوگا۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ دنیا پاکستان سے امن کی امید رکھتی ہے، پاکستان خطے میں امن کے قیام کی صلاحیت رکھتا ہے اور دنیا کو بھی اس مقصد کے لئے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے،ہم نے ہمیشہ امن کے لئے قربانیاں دی ہیں، جنگ کی قیمت بھی ادا کی ہے اور غیر رسمی جنگ کی قیمت آج بھی روزانہ چکا رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کا مقدمہ کسی ایک حکومت یا جماعت سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ یہ پوری قوم کا مشترکہ مؤقف ہے،تمام حکومتوں کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک ہی موقف رہا ہے کہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی رائے سے ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا مگر اب وہ اپنے ہی وعدوں سے انحراف کر رہا ہے،دنیا میں انصاف نہیں بلکہ طاقت کا قانون چلتا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی زندگی تنگ کر دی گئی ہے مگر اس کے باوجود بھارت کے اندر کئی معتبر آوازیں اب بھی انصاف اور مساوات کے حق میں اٹھ رہی ہیں،بطور پاکستانی ہمیں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیر میں بھارت ظلم ڈھا رہا ہے لہٰذا ہمیں اپنی خارجہ پالیسی میں اصولوں کے ساتھ ساتھ مؤثر اقدامات بھی شامل کرنا ہوں گے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ پاکستان کو خود کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ وہ کشمیری عوام کے مقدمے کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں لڑ سکے،کشمیری عوام نے جرأت و بہادری کے ساتھ اپنا مقدمہ لڑا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی آواز دنیا تک پہنچائیں۔