مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

55
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بھارتی ریاست کرناٹک میں پیش آنے والے واقعہ کی شدید مذمت

نیویارک۔22مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔یہ بات انہوں نے ڈاکٹر غلام نبی فائی،سیکرٹری جنرل ورلڈ کشمیر آگاہی فورم کی قیادت میں کشمیری رہنماؤں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گزشتہ روز ان سے نیو یارک میں ملاقات کی۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمندہ ء تعبیر نہیں ہو سکتا۔ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے۔بھارت ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کے ذریعے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔نہتے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ کشمیری رہنماؤں کے وفد نے مسئلہ کشمیر کو، عالمی سطح پر، موثر انداز میں اجاگر کرنے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔