لاہور۔2نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مستونگ میں بچوں کی ہلاکت کے اندوہناک واقعہ کی بھر پور مذمت کرتی ہے،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ان کا کام صرف ملکی امن و امان کو خراب کرنا ہے، بشری بی بی کی رہائی میں علی امین گنڈا پور کا کردار ہے، 9 مئی کے مجرموں کا ملٹری ٹرائل ہونا چاہیے، محمدنوازشریف کینسر ہسپتال میں تما م مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ہفتہ کے روز یہاں ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آ ئی ایک دہشت گرد جماعت ہے جس نے جیلوں سے نکال کر دہشت گردوں کو پہلے زمان پارک میں پٹرول بم بنانے کی ٹریننگ دی، اب یہ لوگ ملک میں دہشت گردی کرکے چھوٹے بچوں کو قتل کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت دراصل این آر او کا دوسرا نام ہے، خیبر پختونواہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کو خوش کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آ ئی کی اہلیہ بشری بی بی کی رہائی میں علی امین گنڈا پور کا کردار ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کا نیا نعرہ” ہم ہی غلام ہیں” مارکیٹ میں جلد آنے والا ہے جس میں واضح درج ہو گا کہ ہم امریکی آقائوں کے آگے سجدہ ریز ہیں،بانی کی رہائی کیلئے ٹرمپ کے جیتنے پر پی ٹی آئی نے نظریں جما رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں افراتفری کی سیاست کو فروغ دینا ہے ،کے پی کے سرکاری ملازمین علی امین گنڈاپور کے جلسے جلسوں میں ڈیوٹی دیتے رہے اور صوبے کے فنڈز کا بے دریغ استعمال کیا گیا ، ملک کی ترقی سے پی ٹی آئی کا کوئی لینا دینا نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ9مئی کے پی ٹی آئی شرپسند عناصرکے ملٹری ٹرائلز ہونے چاہئیں جنہوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا اور بے حرمتی کی ،بانی پی ٹی آ ئی نو مئی کا مجرم ہے تو ملٹری ٹرائل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسان جو زیادہ گندم پیدا کریں گے ان کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ وزیر اعلی مریم نواز نے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے بھی متعددسکیمیں لانچ کی ہیں جن میں ساڑھے 12ایکٹر کے مالکان کاشتکاروں کو ترجیح دے رہے ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ سپرسیڈرز سے فصلیں جلانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، پنجاب حکومت ایک ہزار سپر سیڈرز کسانوں میں تقسیم کر چکی ہے جن کی تعدادماہ جون2025 تک پانچ ہزارمکمل کر لی جائے گی،کسان سپر سیڈرز اور مشینری کرایہ پر بھی استعمال کر سکیں گے جبکہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کسانوں کو آسان اقساط پر ٹریکٹرز دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز ساڑھے سات لاکھ کسانوں کو”کسان کارڈ” دیں گی جس کیلئے دس لاکھ سے زائد درخواستیں پنجاب حکومت کو موصول ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے صوبے کے چار شہروں ساہیوال ،سرگودھا بہاولپور اور ملتان میں ایگری کلچر مالز بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوںکو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں جس کی زندہ مثال حال ہی میں پنجاب حکومت نے دیوالی کی تقریبات کوسرکاری طورپر منایا،دیوالی پر ہندوخواتین نے وزیر اعلی مریم نواز کے اقلیتوں کے حوالے محبت بھرے جذبات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں جو اقلیتی افراد بے روزگار ہیں ان کو مینارٹی کارڈ بھی دیں گے ،وزیر اعلی مریم نوازرواں سال دسمبر میں کرسمس تقریبات کے موقع پر اس کارڈ کا افتتاح کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری کینسر ہسپتال بنائیں گے، ایک کینسر ہسپتال میں تو مریض سے بلیک میلنگ کی جاتی ہے جس کی زمین محمد نوازشریف نے دی جبکہ پیسے میاں شریف نے دئیے۔ انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف کینسر ہسپتال 54 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا جو920 بیڈز پر مشتمل ہو گا اور مذکورہ ہسپتال میں تما م مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا، کسی مریض کے علاج کیلئے انکار نہیں کیا جائیگا جبکہ پنجاب میں ائیر ایمبولینس کے آغاز کا بزدار حکومت صرف اعلان کرتی ر ہے لیکن وزیر اعلی مریم نواز نے اس خواب کو عملی طور پر شرمندہ تعبیر کیا، پی ٹی آئی کے سیاسی گدھ کبھی نابینا افراد اور کبھی کسانوں کی آواز بنتے ہیں ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈکس 157پر تھا، محکمہ ماحولیات کے مطابق بھارت سے فضائی آلودگی آ نے کی وجہ سے لاہور کا سموگ انڈکس ایک ہزار تک پہنچ گیا جو کہ خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز بھارتی وزیر اعلی پنجاب کو خط لکھیں گی تاکہ دونوں وزرا اعلی کی مشاورت سے سموگ پر قابو پایا جا سکے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مزیدکہا کہ زمان پارک کے مکینوں نے شکایات کی تھیں کہ زمان پارک والوں سے پوچھیں شہر کی جان کب چھوڑنی ہے، اب تو بشری بی بی سکیورٹی بھی ساتھ لائی ہیںجس کے تمام اخراجات کے پی کے حکومت برداشت کرے گی حالانکہ صوبے کے تمام وسائل وہاں کے عوام پر خرچ کئے جانے چاہئیں۔