مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ختم قرآن اور خصوصی دعا، لاکھوں افراد کی شرکت

مکہ مکرمہ۔18مارچ (اے پی پی):حرمین شریفین میں رمضان المبارک کی 29 ویں شب لاکھوں افراد نے تراویح اور ختم قرآن کی خصوصی دعا میں شرکت کی۔ ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام میں ختم قرآن کی دعا میں لاکھوں افراد شریک ہوئے، اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے،مسجد الحرام میں نماز کی امامت ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس جبکہ مسجد نبوی میں صلاح البدیر نے کی۔ مسجد …

مکہ مکرمہ۔18مارچ (اے پی پی):حرمین شریفین میں رمضان المبارک کی 29 ویں شب لاکھوں افراد نے تراویح اور ختم قرآن کی خصوصی دعا میں شرکت کی۔ ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام میں ختم قرآن کی دعا میں لاکھوں افراد شریک ہوئے، اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے،مسجد الحرام میں نماز کی امامت ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن السدیس جبکہ مسجد نبوی میں صلاح البدیر نے کی۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن، چھتیں اور نئی توسیعی مقامات کے علاوہ مسجد الحرام کی اطراف کی سڑکیں بھی نمازیوں سے بھرگئیں۔ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 29 ویں شب کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے، سب سے اہم کراوڈ کنٹرولنگ یونٹس کی تعیناتی تھی۔

مسجد الحرام کے چاروں سمتوں آنے والے راستوں پر زائرین کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کےلیے سکاوٹس اور فلاحی تنظیم کے رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔معمر اور معذور افراد کی سہولت کے لیے ٹریکس مخصوص تھے جبکہ بیرونی صحنوں میں راہداریوں کو کھلا رکھنے کےلیے خصوصی ٹاسک فورس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔انتظامیہ نے حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں تراویح اور ختم قرآن کی دعا میں شرکت کرنے والوں کی سہولت کےلیے مختلف مقامات مخصوص کیے تھے تاکہ وہاں سکون سے جماعت کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے۔

29 ویں شب کے دیگر خصوصی انتظامات میں صفائی کے اضافی یونٹس کی تعیناتی بھی تھی۔ وضو خانوں میں بھی مستقل بنیادوں پر صفائی کے کارکن متعین تھے۔آب زم زم کی مستقل فراہمی کےلیے ’سقیا‘ کی ٹیمیں مصروف رہیں۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی چھتوں پر جانے والے راستوں کو بھی کھلا رکھا گیا جبکہ لفٹس اور اسکیلٹرز کی بھی دیکھ بھال مستقل بنیادوں پرکی جاتی رہی۔حرمین شریفین میں زائرین کی سہولت کے گرائونڈ رہنما یونٹ کے اہلکار ’اسالنی‘ کے بینر کے ساتھ موجود رہے جنہیں سمارٹ ڈیوائس فراہم کی گئی جس کے ذریعے کسی بھی زبان کا فوری ترجمہ کیا جاسکتا ہے۔