عصری چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکاءسے خطاب

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عصری چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا ایک تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ہفتہ کو یہاں منعقدہ بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکاءسے خطاب میں نائب وزیراعظم نے غزہ،غیر قانونی طور پر بھارت …

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عصری چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا ایک تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ہفتہ کو یہاں منعقدہ بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکاءسے خطاب میں نائب وزیراعظم نے غزہ،غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر ، لبنان، عراق، شام کے حالیہ واقعات سمیت ایران اور قطر پر حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو بالخصوص اور باقی دنیا کو بالعموم بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ مشترکہ عقائد اور ایمان کی بنیاد پر متحد ہے، علمائے کرام کو اس بات پر زور دینا چاہیے کہ وہ امت کی صفوں میں اتحاد کی تبلیغ کریں کیونکہ یہ مسلم دنیا کو درپیش تمام مسائل کا حتمی حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحد ہوکر زمین کی کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امت کو وسائل سے نوازا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کسی بھی قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی اجازت نہیں دیتی اور یہ کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے جبکہ ایک انسان کو بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہیے اور اس جنگ میں سب متحد ہیں، انہوں نے کہا کہ 2017 اور 2018 میں نواز شریف کے دور حکومت میں انہوں نے پاکستان سے دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کی لعنت کو مکمل طور پر ختم کردیا تھا۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کرنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ سال 2021 سے 2025 کے دوران سیکورٹی فورسز کے تقریباً 4 ہزار بہادر بیٹوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جام شہادت نوش کیا جب کہ ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر دہشت گردی کے کینسر کو سرزمین سے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پرعزم ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مختلف ممالک سے آنے والے تمام شرکاءکو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی ایونٹ کو سالانہ فیچر بنایا جائے گا۔

انہوں نے نوجوان شرکاءکو نصیحت کی کہ وہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں اور امت مسلمہ کو مضبوط کرنے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے ہمدردی، محبت، انسانیت، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے اوصاف کو پروان چڑھائیں۔ نائب وزیر اعظم نےکہا کہ پاکستان کا آئین اسلامی تعلیمات کے تصورات پر مبنی ہے۔ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام بین الاقوامی مقابلے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 40 سے زائد رکن ممالک کے قاری حضرات نے شرکت کی۔

مزید خبریں