مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے چودھری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ،مونس الٰہی، حسین الٰہی اور کامل علی آغا کو شوکاز نوٹس جاری

236

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جبکہ مونس الٰہی، حسین الٰہی اور کامل علی آغا کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔مسلم لیگ ق کا ہنگامی اجلاس چودھری شجاعت حسین کی صدارت میں منعقد ہوا، مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، سالک حسین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے گزشتہ رات دئیے گئے بیانات کا نوٹس لیا گیا، بیان کا جائز ہ لینے کے بعد ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مسلم لیگ ق کے اجلاس میں پرویز الٰہی کی رکنیت معطل کرکے 7 دن میں جواب طلب کر لیا گیا اور موقف اختیار کیا گیا کہ صوبائی صدر پارٹی کو تحریک انصاف میں ضم نہیں کر سکتا، پارٹی نے چودھری پرویز الٰہی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔مسلم لیگ ق کے سیکرٹری جنرل نے مونس الٰہی، حسین الٰہی سمیت سینیٹر کامل علی آغا کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کسی دوسری جماعت میں جا رہے ہیں تو مستعفی ہو کر جائیں، عہدے آپ کے پاس پارٹی کی امانت ہیں، اگر آپ مستعفی نہ ہوئے تو ڈی سیٹ کرایا جائے گا، اپنی پوزیشن فوری واضح کریں۔