لاہور۔21فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی(ف) سے متعلق میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں ۔
دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان بدھ کو مشاورتی اجلاس ہوا جس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے لئے ایک بزرگ اور قابل احترام شخصیت ہیں، دونوں جماعتوں میں سیاسی تعاون اور باہمی احترام کا تعلق استوار ہے،میڈیا سے درخواست ہے کہ اجلاسوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں نہ کرے۔ اعلامیہ کے مطابق شرکا ء نے خاص طور پر صوبہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ میں ایک مضبوط جمہوری حکومت کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے ۔
اجلاس نے طے کیا کہ بلوچستان میں مختلف سیاسی قوتوں کا مل کر بیٹھنا ملکی مفاد میں ہے۔اعلامیہ کے مطابق اس سلسلہ میں فریقین اپنی جماعتوں میں تعاون کے خواہاں ہیں۔