اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وزیر داخلہ رانا ثناء ٔاللہ نے بدھ کے روز کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتنے کے لیے درست فیصلے کرے گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی صورتحال میں تبدیلی کے بعد ن لیگ اتحادیوں سے مشاورت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کمزور فیصلوں کی وجہ سے پنجاب میں ضمنی الیکشن نہیں جیت سکی۔عمران خان کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکمران جماعت نے مسائل کے حل کے لیے پی ٹی آئی رہنمائوں کے ساتھ بیٹھنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے ہمیشہ اتحادیوں کو رسوا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت غیر مہذب کلچر کو فروغ دے کر نوجوانوں کو تباہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے غیر مقبول فیصلوں نے پنجاب میں ن لیگ کی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خان کی پارٹی اس ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ(ن)عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔