مسلم لیگ ن ملک کے اندرونی استحکام کیلئے ہر اس سازش کو ناکام بنائے گی جو داخلی سلامتی کے خلاف ہوگی، احسن اقبال

لاہور۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کی طرف میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔ وہ میونسپل کمیٹی ہال نارووال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔احسن اقبال نے کہا کہ آج ایک سیاسی جماعت اپنی سیاست کے حصول کے لیے پاکستان کے دشمنوں کے بیانیہ سے ہم آواز ہو کر ریاستی اداروں پر …

لاہور۔30نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کی طرف میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا۔ وہ میونسپل کمیٹی ہال نارووال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔احسن اقبال نے کہا کہ آج ایک سیاسی جماعت اپنی سیاست کے حصول کے لیے پاکستان کے دشمنوں کے بیانیہ سے ہم آواز ہو کر ریاستی اداروں پر حملہ آور ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان، بھارت اور پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کا نشانہ ریاست پاکستان اور ہماری بہادر مسلح افواج ہیں۔

وفاقی وزیر نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ دشمن قوتوں کے ساتھ آواز ملا کر پاکستان پر حملے کر رہے ہیں، وہ کبھی اس ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر مسلح افواج نے معرکہ حق میں ثابت کیا ہے کہ ان کا کوئی ثانی نہیں اور دشمن جان لیں کہ یہ قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔احسن اقبال نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ ن ملک کے اندرونی استحکام کے لیے ہر اس سازش کو ناکام بنائے گی جو داخلی سلامتی کے خلاف ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازش کرے گا یا حملہ آور ہوگا، اس کے ساتھ وہی سلوک ہوگا جو ماضی میں پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام امن، ترقی اور استحکام چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ ن ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر ڈالنے، غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی کیونکہ قومی خوشحالی ہی آج کے پاکستان کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔اس موقع پرانہوں نے معذور افراد میں الیکٹرک ویل چیئرز بھی تقسیم کیں۔

 

مزید خبریں