مسلم لیگ (ن) پاکستان کا پرچم ہر حال میں سربلند رکھے گی، انشاء اللہ آنے والا ہر دن پاکستان کے لئے اچھی خبریں لے کر آئے گا، مریم نواز کا خوشاب میں انتخابی جلسہ سے خطاب

خوشاب۔14جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کا پرچم ہر حال میں سربلند رکھے گی، مسلم لیگ (ن) کا دل ملک کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، انشاء اللہ آنے والا ہر دن پاکستان کے لئے اچھی خبریں لے کر آئے گا، عمران خان کی سیاست بہت جلد دفن ہونے والی ہے، سابقہ حکومت نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں ملک کو بے دردی سے لوٹا، سابقہ حکومت نے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی سہولت ختم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خوشاب میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ عمران خان کے چار سالہ دور حکومت کی تباہی و بربادی سے ہے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ سابقہ حکومت کی چار سالہ کرپشن، نالائقی، نا اہلی اور گوگی پنکی اکنامک کوریڈور سے ہے، عمران خان مسٹر ایکس اور وائی کو چھوڑیں، یہ بتائیں کہ مس پی اور مس جی کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ چار سالہ دور حکومت میں پنجاب میں کوئی سکول، کالج، سڑک اور ہسپتال نہیں بنا، عوام کو علاج معالجے کی صورت میں ملنے والی مفت ادویات ملنا بند ہو گئیں، عوام آٹے اور چینی کے لئے لڑکوں پر رُلتے رہے جبکہ دوسری جانب بنی گالہ منی گالہ میں بدل گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل وقت میں مشکل فیصلے کئے، مشکل وقت میں حکومت نہ سنبھالتے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا، اس مشکل وقت میں بھی نوازشریف اور شہباز شریف صرف ملک و قوم کے بارے میں سوچتے ہیں، عوام پر بوجھ نہ ڈالنا مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح رہی ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کیا، مسلم لیگ (ن) ہر چیز برداشت کر لے گی لیکن پاکستان کا پرچم ہمیشہ سربلند رکھے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ دور اقتدار میں پنجاب کو کچھ نہیں دیا اور صرف لوٹ مار کی، اب 17 جولائی کو پنجاب کے عوام کے پاس گزشتہ چار سال کی لوٹ مار کا بدلہ لینے کا موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ آیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے آئین توڑا ہے، آئین توڑنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے، عمران خان پہلا پاکستانی سیاستدان ہے جس کے ماتھے پر آئین توڑنے کا کلنک لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دھاندلی کا رونا روتا ہے، جب چار سال ملک میں ان کی حکومت تھی تو ان لوگوں نے دھاندلی کے ایسے ایسے طریقے اپنائے کہ دنیا دھنگ رہ جاتی تھی، کبھی تھیلے غائب کر لئے جاتے تھے، کبھی ای سی پی کا عملہ اٹھا لیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چار سالہ سابقہ دور حکومت میں اپنی ساری قوت لگانے کے باوجود جب پنجاب کے سارے ضمنی الیکشن پی ٹی آئی نہ جیت سکی تو آج عمران خان اپوزیشن میں بیٹھ کر دھاندلی کا رونا رو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی یہ نہیں تھی بلکہ دھاندلی تو یہ تھی کہ جب 2018ء کا الیکشن ہوا تو نواز شریف اور اس کی بیٹی نے اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر الیکشن لڑا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وہ الیکشن کمیشن اچھا لگتا ہے جو اس کے لئے آر ٹی ایس بٹھا دے، عمران خان کو چیئرمین نیب وہ پسند ہے جس کو بلیک میل کر کے یہ اپنے ساتھیوں کے کیس ختم اور اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف کیسز بنوا سکے۔

مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کی تصویر نظر آئے گی، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے سے موٹر ویز اور ملک میں ہونے والے دیگر ترقیاتی کاموں پر نواز شریف کی تصویر ہی نظر آئے گی، بجلی کے کارخانوں اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دیکھ لو تو اس پر بھی نواز شریف کی تصویر نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست بہت جلد دفن ہونے والی ہے، جو کہتا تھا کہ اگر میں اقتدار سے نکلا تو زیادہ خطرناک ہو جائوں گا، اب رو رو کر کہتا ہے کہ ڈائریوں میں نام نوٹ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی باقی زندگی اب ڈائریوں میں لوگوں کے نام نوٹ کرتے ہی گزر جائے گی، جلد ہی پاکستان میں کوئی بھی عمران خان کا نام لینے والا بھی نہیں ہوگا۔

انہوں نے جلسہ کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پاکستان کی ترقی سے پیار کرتا ہے وہ صرف شیر پر مہر لگائے گا، آپ لوگ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار امیر حیدر سنگھا کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں، مسلم لیگ (ن) ملک میں ترقی و خوشحالی لے کر آئے گی۔

قبل ازیں جلسہ گاہ پہنچنے پر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جلسہ میں کارکنوں اور عوام نے بڑی تعدا دمیں شرکت کی، کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ نعرے بازی کر رہے تھے، مریم نواز نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا اور بڑی تعداد میں لوگوں کی جلسہ میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔