امریکا افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا بوجھ پاکستان پر ڈال رہا ہے،انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس نہیں لے رہیں،مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس نہیں لے رہیں۔ بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری اپنی پرامن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جس کے ذریعے وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا بوجھ پاکستان پر ڈال رہا ہے اور گزشتہ روز کے قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاسوں میں متفقہ طور پر امریکی پالیسی کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف ہماری مسلح افواج اور قوم کی قربانیوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں طاہرہ اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر اپوزیشن کا اعتراض بے بنیاد ہے کیونکہ اس سارے عمل میں وفاقی حکومت سے زیادہ صوبائی حکومتوں کا کردار رہا ہے۔