اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر لوگ اپنی قیادت کے بیانیہ کے خلاف ہیں، پاکستان کے عوام بھی مسلم لیگ (ن) کے بیانیہ کو مسترد کر چکے ہیں، پاک فوج کسی ایسے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی جس سے ملکی سلامتی کے لئے خطرات پیدا ہوں، وفاقی حکومت اور پاک افواج ہر وہ کام کریں گے جو پاکستان کی بہتری کے لئے ہوگا، پاکستان کی عسکری قیادت حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مسلم لیگ (ن) کے بیانیہ کے ساتھ اختلاف ہے اور یہ دونوں جماعتیں زیادہ دیر تک ساتھ نہیں چل سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے خلاف جتنے بھی کیسز نیب میں ہیں یہ ان دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں مذاکرات کے لئے تیار ہوں، نیب، چوری اور کرپشن کے کیسز واپس نہیں ہوں گے، اس کے علاوہ جو بھی مسئلہ ہے اس پر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کے اداروں کے خلاف بیانیہ اپنایا، یہ لوگ ریاستی اداروں کے خلاف بدزبانی کررہے ہیں اور ان کے بیانیہ کی تائید صرف وہ لوگ کر رہے ہیں جو نیب کیسز میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ملک میں 120 عدالتیں بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔