مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

96

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا پاناما لیکس پر جے آئی ٹی کی تحقیقات میڈیا کے سامنے کرنے کا مطالبہ انتہائی غیر مناسب ہے جس کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا اور نہ ہی کبھی ایسا ہوا ہی ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگانا پی ٹی آئی کی عادت ہو چکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب انہیں ثبوت پیش کرنے کا کہا جاتا ہے تو یہ کہتے ہیں کہ ہمارا کام ثبوت دینا نہیں بلکہ الزام لگانا ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں ہوتا اور جو الزام لگاتا ہے اسے ثبوت بھی فراہم کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وزیراعظم محمد نواز شریف پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر انہیں پاناما کیس میں پھنسانے کی کوشش کی حالانکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام تو پاناما پیپرز میں کہیں بھی موجود ہی نہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لیے پیش کر کے ایک مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے حق میں اور اپنی مرضی کے فیصلوں کو تو تسلیم کرتی ہے لیکن ان کے خلاف کوئی فیصلہ آتا ہے تو یہ لوگ رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں۔