مسلم لیگ کی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے دوررس اقدامات اٹھائے ہیں،وفاقی وزیر عمران احمد شاہ

122
مسلم لیگ کی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے دوررس اقدامات اٹھائے ہیں،وفاقی وزیر عمران احمد شاہ

ساہیوال۔ 01 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ہمیشہ عام آدمی کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے دوررس اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی پچھلے ایک سال کی مسلسل محنت سے ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور اب ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

انہیں وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ پارٹی کے قائدین محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کا ان پر اعتماد کا مظہر ہے جس پر وہ پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے،ان کا اولین مقصد ملک اور ساہیوال کے عوام کی بے لوث خدمت ہے تاکہ وہ اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے سرخرو ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آمد پر مختلف استقبالیہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس سے پہلے جب وہ اپنے حلقے کی حدود گیمبر پہنچے تو سینکڑوں کارکنان نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔ ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔بعدازاں ویو ہوٹل، پاکپتن چوک، جوگی چوک، ٹینکی چوک، داؤد چوک اور مزدورپلی پر بھی استقبالیہ کیمپ قائم کئے گئے تھے جہاں مسلم لیگی کارکنوں نے اپنے قائد کا والہانہ استقبال کیا اور امید ظاہر کی کہ پیر سید عمران احمد شاہ ولی کے وفاقی وزیر بننے سے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونگے۔

ان اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید عمران احمد شاہ نے بھرپور استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا وفاقی وزیر بننا ایسے ہی ہے جیسے ہر کارکن وفاقی وزیر ہے۔