اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا اور نیکی، تقوی اور پاکیزہ طرز زندگی کی تلقین کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کرسمس …
مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد ، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے پوری انسانیت کیلئے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا ،وزیراعظم شہبازشریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا اور نیکی، تقوی اور پاکیزہ طرز زندگی کی تلقین کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کرسمس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کرسمس کے پرمسرت اور بابرکت موقع میں عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے اس مبارک دن ہم دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کرسمس نہ صرف مسیحی برادری کا جشن و تقریبات پر مشتمل مذہبی تہوار ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کے لئے پیغام محبت ، امن و رواداری اور خیر سگالی کے جذبات سے ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔
حضرت عیسی علیہ السلام اللہ تعالی کے ایک جلیل القدر پیغمبر کی حیثیت سے اسلام میں نہایت محترم مقام رکھتے ہیں، انہوں نے پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا اور لوگوں کو نیکی، تقوی اور پاکیزہ طرز زندگی کی تلقین کی۔ وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے پاکستان میں فعال، مثبت اور پر امن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کے لئے ان کی مخلصانہ کاوشیں تحسین کے لائق ہیں۔
وزیر اعظم نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیوں کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی تعلیم، طب اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی گراں قدر خدمات سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کے لئے بلا تفریق رنگ و نسل باہمی ہم آہنگی، حقوق و آزادی کا تحفظ، معاشی آسودگی، پیشہ ورانہ ترقی کے یکساں مواقع حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے دعوت دی کہ آئیے آج کے اس خوشیوں بھرے دن پر تجدید عہد کریں کہ سب طبقات اور مذاہب کے مکاتب فکر مل کر قوم کی اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کے لیے تعمیری کرادر ادا کرتے رہیں گے۔







