مشترکہ دفاعی معاہدہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اہم اور دور رس سفارتی کامیابی ہے، سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایک اہم اور دور رس سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایک اہم اور دور رس سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوگان کو اس اہم تزویراتی اقدام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کو بھی اس تاریخی اور اہم پیش رفت پر مبارکباد دی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اجتماعی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات، مشترکہ مذہبی و تہذیبی اقدار اور امن و انصاف کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور باہمی معاونت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ ملے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے تینوں برادر ممالک کی سیاسی قیادت کو اس اہم اور دور رس اقدام پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز پاکستان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور پیشہ ورانہ خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قومی سلامتی کے لیے ثابت قدمی اور عزم نے پاکستان کی دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور ملک کے تزویراتی مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور اجتماعی سلامتی کے فروغ کے ایک نئے دور کی بنیاد بنے گا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ یہ تاریخی اقدام پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مزید مضبوط تعاون اور باہمی اعتماد کا ذریعہ بنے اور تینوں برادر ممالک سمیت پورے خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہو۔