مشرقی ہوائو ں کی تبدیلی ومصنوعی بارش سے لاہورمیں سموگ انڈیکس میں کمی آ ئی،مریم اورنگزیب

135
Maryam Aurangzeb

لاہور۔17نومبر (اے پی پی):سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقی ہوائو ں کی تبدیلی اور مصنوعی بارش سے لاہور وملحقہ علاقوں میں سموگ انڈیکس میں کمی آ ئی ، شہر میں دھواں پھیلانے والی بڑی گاڑیوں اور ٹرکوں کے داخلے پرپابندی ہے۔

اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارت سموگ میں سب سے آگے ہے جبکہ فضائی آلودگی میں دہلی601 سکور کے ساتھ پہلے، 247 سکور سے لاہور دوسرے اور 187 سکور سے قاہرہ تیسرے نمبر پر آ گیا ،جمعہ کے روزکئے جانے والے اقدامات اور تمام اداروں کے کردار سے پنجاب کو سموگ سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پنجاب میں ”ڈی ٹاکس پنجاب مہم” سے راولپنڈی سمیت تمام علاقوں میں سموگ کی صورت حال میں بہتری ہو گی ،لاہور میں سموگ سے بچائو کے لیے آپریشن تیزی سے جاری اور شہر میں دھواں پھیلانے والی بڑی گاڑیوں و ٹرکوں کے داخلے پربدستور پابندی عائد ہے،103 بڑی گاڑیوں کو لاہور میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، سموگ سے بچائو کے لیے مشترکہ آپریشن ٹیم میں محکمہ تحفظ ماحول، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کے حکام شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سامان لیجانے والی مال بردار گاڑیوں کی لاہور میں انٹری پوائنٹس پر پڑتال کا عمل چوبیس گھنٹے بلا تعطل جاری ہے،آپریشن کا مقصد بڑی اور زیادہ دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کو لاہور میں آنے سے روکنا ہے۔ مشترکہ آپریشن ٹیم نے کہا کہ ڈمپر اور بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی سے سموگ انڈیکس میں کمی لانے میں مدد مل رہی ہے،تعمیرات پر پابندی، تعمیراتی سامان ڈھانپ کر منتقل کرنے کے ایس او پی پر بھی سخت عمل درآمد جاری ہے، کئی گاڑیوں کو جرمانے کئے۔ سینئیر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے علاقوں میں سموگ پھیلانے والے ذرائع کے تدارک کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھنی ہیں ،سموگ سے بچائو کیلئے ہر شہری کا تعاون لازمی ہے،فیلڈ میں موجود ای پی اے، پولیس، ٹرانسپورٹ، پنجاب حکومت کے تمام اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ، سموگ کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے والے ہر ادارے کا افسر اور عملے کا فرد ہیرو ہے،مشکل حالات میں مشکل فیصلے عوام کی زندگیوں اور صحت کے تحفظ کے لیے کر رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ شہری غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال لازی کریں۔