بیجنگ ۔28اکتوبر (اے پی پی):چین نے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے ۔ شنہوا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے ایک بیان میں مشرق وسطیٰ میں حالیہ واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بار پھر جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور د یا ۔
انہوں نے26 اکتوبر کو ایرانی فوجی اہداف پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے کہاکہ چین دوسرے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ طاقت کے بے دریغ استعمال کی مخالفت کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور تمام متعلقہ فریقوں کو خطے میں مجموعی سلامتی کے خطرات مزید بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری بالخصوص بااثر ممالک کو مؤثر طریقے سے تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے اور خطے میں کشیدہ صورتحال کم کرنے کے لیے ضروری حالات پیدا کرنے چاہئیں۔