اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ مشکل ترین حالات کے باوجود اقتصادی ٹیم نے بہترین بجٹ دینے کی کوشش کی ، ہر ڈویژن کی سطح پر ایک جدید زرعی یونیورسٹی قائم کی جائے، بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشروں کو ریلیف دیا گیا، تمباکو پر ٹیکسوں کو بڑھایا جائے۔ ہفتے کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال (24-2023 )کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ28 مئی کو تمام لالچوں اور دھمکیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے یہ دن باعث فخر ہے، اسی ماہ میں ایک دن 9 مئی ہے جس نے ہمارے فخر کی علامتوں اور شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا، جناح ہائوس کو آگ لگا دی، یہ دن یوم ندامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا چار سالہ دور ناکامی اور بدانتظامی کا دور تھا ، تباہ کیا گیا ہر شعبہ درست ہوجائے گا لیکن بد تہذیبی سے قوم کو نجات دلانا آسان نہیں،9 مئی کو جو کیا گیا ایسا دشمن بھی نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ متفقہ آئین دینے والے، جوہری پروگرام شروع کرنے والے، اوآئی سی کے میزبان ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی لیکن پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایسا نہیں کیا، بے نظیر شہید ہوئیں ایسا رویہ نہیں دیکھنے کو ملا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے والے اور موٹر ویز کے جال بچھانے والے کو نااہل کیا گیا،
نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا لیکن کارکنوں کو نہیں اکسایا، نواز شریف نے پاکستان کو سنوارا۔ان شرپسندوں کے خلاف 9 مئی کو پوری قوم یک زبان ہوکر کھڑی ہوئی، قوم ان واقعات میں ملوث عناصر کو عبرت ناک سزائوں کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدترین حالات میں بہترین بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی گئی، بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشروں کو ریلیف دیا گیا، کسانوں کو ریلیف دیا گیا، زراعت پر خصوصی توجہ دی گئی،50 ہزار ٹیوب ویلز کو اس سال سولر پر منتقل کرنے کا اقدام اہم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں ایک جدید زرعی یونیورسٹی قائم کی جائے، تمباکو پر ٹیکسز کو مزید بڑھایا جائے، یورپ کے لئے پی آئی اے کے روٹس بحال کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے بھی حکومت اقدامات اٹھائے۔