مشیر برائے خزانہ، ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا 10 ٹاپ کلاس کاروباری کمپنیوں کو 30 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے حکومت پرعزم ہے، برآمدات پر صفر ٹیکس حکومت کی پالیسی ہے، پاکستان میں بیرونی براہ راست سرمایہ کاری، سٹاک مارکیٹ میں تیزی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت پر اعتماد بڑھ رہا ہے، حکومت کاروباری افراد کیلئے آسانیاں پیدا …

اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ، ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے حکومت پرعزم ہے، برآمدات پر صفر ٹیکس حکومت کی پالیسی ہے، پاکستان میں بیرونی براہ راست سرمایہ کاری، سٹاک مارکیٹ میں تیزی اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت پر اعتماد بڑھ رہا ہے، حکومت کاروباری افراد کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے، برآمدات میں اضافے کیلئے 300 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، قابل برداشت ہاﺅسنگ کیلئے 30 ارب روپے کی حکومت سبسڈی فراہم کرے گی۔ وہ بدھ کو یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملک کی 10 ٹاپ کلاس کاروباری کمپنیوں کو 30 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان نے ان کمپنیوں کے نمائندوں کو چیک دیئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ، ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی بھی موجود تھے۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ جس وقت ہم اقتدار میں آئے تواس وقت حالات بہت مشکل تھے۔ آج کی تقریب کا انعقاد کاروباری طبقہ کے ساتھ حکومت کی طرف سے یکجہتی دکھانا ہے۔ اب حکومتی اقدامات سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار آ رہے ہیں۔ مقامی صنعت بھی مثبت نتائج دے رہی ہے۔ پاکستان کے عوام کو خوشحال بنانا حکومت کا عزم ہے۔ معیشت میں استحکام سے ہی بڑے فیصلے کئے جا سکتے ہیں۔ یہاں زرمبادلہ آئے گا تو خوشحالی آئے گی۔ اب سٹاک ایکسچینج میں استحکام دیکھنے میں آ رہا ہے، ایکسچینج ریٹ بڑھا ہے، بیرونی براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشحالی لانے کیلئے حکومت کا سب سے بڑا کردار یہ ہے کہ وہ کاروباری طبقہ کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ اس ضمن میں حکومت نے بجلی، گیس پر سبسڈی دی ہے، قرضوں پر سبسڈی دی جا رہی ہے ، 300 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے اور اس پر ادا کئے جانے والے سود میں حکومت بھی شراکت داری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ کاروبار میں آسانیاں ہوں، انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کاروباری طبقہ کی اعتماد سازی کی بحالی کی جانب ایک اور قدم ہے جس میں 30 ارب روپے یکمشت ریفنڈ کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے جن کمپنیوں کو ٹیکس ریفنڈ کے چیک دیئے ان میں اینگروفرٹیلائزر لمیٹڈ، پاک عرب فرٹیلائزرز لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر پلانٹ سائیٹ ، نشاط ملز لمیٹڈ، پاک جن پاور لمیٹڈ، مسعود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، ایفرٹ ایگری ٹریڈ پرائیویٹ لمیٹڈ، لیبرٹی ملز لمیٹڈ، آرٹسٹک ملینرز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔