اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کپاس کی پیداوار کی حوصلہ افزائی اور مقامی کسانوں کے تحفظ کیلئے وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کی سرپرستی میں پرائس ریویو کمیٹی کے قیام اور برآمدات سے متعلق پانچ زیرو ریٹڈ شعبوں کے برآمد کنندگان سمیت صنعتی شعبے کو رعایتی نرخوں پر گیس فراہم کرنے کے ضمن میں ماہ مارچ، اپریل، مئی اور جون کیلئے ایس این جی پی ایل کو 5 ارب 17 کروڑ 37 لاکھ ایک ہزار 600 روپے کے تصدیق شدہ سبسڈی کلیمز کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و اقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ملک میں کپاس کی پیداوار کی حوصلہ افزائی اور مقامی کسانوں کے تحفظ کیلئے کاٹن کی کم سے کم معاونتی قیمت کے تعین کے ضمن میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سمری پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کی سرپرستی میں پرائس ریویو کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کاٹن کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاﺅ کی صورت میں معاونتی قیمت اور دیگر اقدامات کے حوالے سے تجاویز مرتب کرے گی۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے کمیٹی کو ملک میں گندم کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔