مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت خیبرپختونخوا میں گندم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ,صوبہ میں گندم کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے خیبرپختونخوا میں گندم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ پیر کو اجلاس کی صدارت کے موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پورا سال عوام کیلئے گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کرے گی۔ فنانس ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق پیر کو یہاں منعقدہ اجلاس میں مشیر …

اسلام آباد ۔ 17 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے خیبرپختونخوا میں گندم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ پیر کو اجلاس کی صدارت کے موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پورا سال عوام کیلئے گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کرے گی۔ فنانس ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق پیر کو یہاں منعقدہ اجلاس میں مشیر تجارتی، ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد، کے پی کے کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، کے پی کے کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری خزانہ عزیر کامران بلوچ اور سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عمر حمید خان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صوبہ میں گندم کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ فصل کی برداشت سے قبل گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری کے پی کے ڈاکٹر کاظم نیاز نے بتایا کہ حکومت کے پاس 0.6 ملین ٹن گندم کا سٹاک موجود ہے جبکہ پاسکو سے ایک لاکھ ٹن گندم خریدی گئی ہے اور مزید ایک لاکھ ٹن گندم خریدی جا رہی ہے۔ اسی طرح پاسکو سے مزید تین لاکھ ٹن گندم خریدنے اور تین لاکھ ٹن درآمد کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری کے پی کے نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے سٹاک میں 1.5 ملین ٹن گندم رکھنا چاہتی ہے جبکہ اتنی ہی گندم پرائیویٹ پارٹیوں کے ذریعے مقامی مارکیٹ میں فراہم کی جائے گی کیونکہ آئندہ فصل سے قبل صوبہ میں گندم کی طلب تقریباً تین ملین ٹن ہے۔