مشیر برائے لائیو اسٹاک، فشریز اینڈ ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی سید نجمی عالم کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک سندھ سے متعلق اہم اجلاس

190

کراچی۔ 03 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک، فشریز اینڈ ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی سید نجمی عالم کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک سندھ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی مشیر کو محکمہ کے تمام جاری منصوبوں اور نئے مالی سال میں آنے والے تمام ترقیاتی منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں صوبائی مشیر کو محکمہ کی اصلاحات کے بارے میں بتایا گیا کہ ہم محکمہ لائیو سٹاک کے اندر ایک گریونسز سیل جی آر ایم شروع کر رہے ہیں جس میں سندھ کے مویشی مالکان کی شکایات اور ضروریات کو نوٹ کیا جائے گا اور ان کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ایف ایم ڈی ویکسین کے ہدف کو 70 سے 80فیصد تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

بریفنگ کے دوران صوبائی مشیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس سال ہم پرائیویٹ فارمز کو بھی رجسٹر کرنے جا رہے ہیں اور عمرکوٹ اور تھرپارکر ک ایف ایم ڈیو فری ویکسین اضلاع بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مقامی لوگوں کو قدرتی خوراک کھانے والے جانوروں کا دودھ اور گوشت مہیا ہوسکے اور یہ دونوں اضلاع جانوروں کی بیماریوں سے پاک ہوجائیں تاکہ وہاں برآمدی کاروبار کو بھی فروغ مل سکے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس بار ہم محکمہ لائیو سٹاک کے اینیمل بریڈنگ ونگ کے تحت ٹنڈوجام میں آرٹیفیشل انسیمینیشن ٹریننگ سینٹر میں تین سالہ ڈپلومہ کورس شروع کر رہے ہیں جس سے سندھ کے نوجوانوں اور بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور کورس مکمل کرنے والے نوجوان اپنا کام کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں بریفنگ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سید نجمی عالم نے حکام کو ہدایت کیں کہ ہماری تمام تر سرگرمیاں سندھ کے غریب اور نادار لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنا ہیں کیونکہ ہماری قیادت خصوصا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو اور محکمہ سے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔