اسلام آباد ۔ یکم اگست(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور سیاسی‘ سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا‘ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی سے جوڑنا زیادتی ہے‘ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے تین سالوں کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھایا گیا ہے‘ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبر ممالک کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے خط لکھ رہے ہیں‘ کشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا‘ ہمارا ایمان ہے کہ نسل در نسل کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کے سامنے بھارت کے بڑے جمہوریہ ہونے کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے بارے میں تحریک التواءپر بحث سمیٹتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ بہت اہم موضوع پر بہت اچھی بات ہوئی ہے۔ کشمیر میں 60 سے زائد شہید اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔