
اسلام آباد ۔ 15مئی (اے پی پی) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو یہاں وزارت خزانہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مشیر خزانہ نے آگاہ کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین طویل تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو باہمی مفاد میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ مشیر خزانہ نے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسیاں ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی سے ہمکنار کریں گی۔ ہائی کمشنر نے مشیر خزانہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور ہمیں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ایئر ویز رواں سال جون میں پاکستان آئے گی۔ بعد ازاں ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر زیاو ہونگ یانگ نے بھی مشیر خزانہ سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کیلئے نئی مالی امداد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔