مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

کراچی ۔ 27 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو درپیش بڑے معاشی بحران اور تاریخی خساروں پر قابو پایا ہے، اقتصادی فیصلوں کا محور پاکستان کے عوام ہیں، کامیاب جوان پروگرام پورے ملک کے نوجوانوں کیلئے ہے، اس کیلئے جتنے وسائل درکار ہوں گے فراہم کئے جائیں گے۔ ان …

کراچی ۔ 27 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو درپیش بڑے معاشی بحران اور تاریخی خساروں پر قابو پایا ہے، اقتصادی فیصلوں کا محور پاکستان کے عوام ہیں، کامیاب جوان پروگرام پورے ملک کے نوجوانوں کیلئے ہے، اس کیلئے جتنے وسائل درکار ہوں گے فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام وزیراعظم عمران خان کا پسندیدہ ترین پروگرام ہے، اس سے نوجوانوں کی زندگی بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار اس پروگرام کو جتنی وسعت دیں گے اس کیلئے اتنا زیادہ بجٹ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر اس میں سرکاری بینکوں کے ساتھ ساتھ نجی بینکوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ یہ ایک کامیاب پروگرام ثابت ہو سکے۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو ملک کو بڑے معاشی بحران اور خساروں کا سامنا تھا، موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ان خساروں پر قابو پانے کیلئے تاریخ ساز فیصلے کئے جن کے نتیجہ میں خساروں میں کمی آئی، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے جبکہ پانچ سال میں پہلی بار برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام معاشی فیصلوں کا محور پاکستان کے عوام ہیں، حکومتی اقدامات کا مقصد عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے محروم اور پسماندہ طبقات کی بہتری کیلئے خصوصی رعایتیں دی گئی ہیں جبکہ کاروبار میں آسانی کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں جن کا ملکی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے بیرونی دنیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے پر توجہ دی ہے، کاروبار میں سہولیات دینے سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی جس سے ملک کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی ملک ترقی کی دوڑ میں آگے نکلے ہیں جنہوں نے اپنے عوام پر توجہ دی ہے، کامیاب جوان پروگرام بھی اسی فلسفہ پر مبنی ہے، اس پروگرام میں خواتین کی شمولیت حوصلہ افزاءہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کسی ایک جماعت، علاقہ یا طبقہ کیلئے مخصوص نہیں بلکہ یہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کیلئے ہے اور مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے، اس پروگرام کو کامیاب بنایا جائے گا۔