مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، گندم کی امدادی قیمت 1350 روپے مقرر

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی امدادی قیمت میں 50 روپے فی من اضافے کی منظوری دےدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی نے گندم کی امدادی قیمت 50 روپے کے اضافہ کے ساتھ 1350 …

اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم کی امدادی قیمت میں 50 روپے فی من اضافے کی منظوری دےدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی نے گندم کی امدادی قیمت 50 روپے کے اضافہ کے ساتھ 1350 روپے مقرر کر دی ہے۔ امدادی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ کسانوں کی مشکلات اور عالمی منڈی میں گندم کی قیمتوں میں تناظر میں کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 40 کلو آٹے کی کم از کم امدادی قیمت 1300 روپے گذشتہ پانچ سالوں سے نہیں بڑھائی گئی تاہم عالمی سطح پر گندم کی پیداوار کی صورتحال، پیداواری لاگت، درآمدی و برآمدی قیمتوں میں تفاوت اور مقامی پیداواری قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آنے والی گندم کی فصل کیلئے مناسب امدادی قیمت کا تعین ضروری تھا۔ اجلاس میں اس مسئلہ کو تفصیل سے زیر بحث لایا گیا اور عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی قیمت 1300 روپے فی 40 کلوگرام موجودہ قیمت سے بڑھا کر 1350 روپے فی 40 کلو گرام کر دی گئی۔ اجلاس نے وزارت نیشنل فوڈ، سکیورٹی و ریسرچ سے کہا کہ وہ آئندہ سیزن میں گندم کی مناسب طور پر خریداری کیلئے صوبوں سے بروقت رابطہ کرے۔ اجلاس نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے یوٹیلٹیز بالخصوص خصوصی اقتصادی زونز میں گیس کنکشن کی انسٹالیشن سے متعلق متعدد تجاویز پر غور کیا اور تفصیلی بحث کے بعد خصوصی اقتصادی زونز میں گیس، بجلی اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کے مشیر برائے کامرس و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی میں پٹرولیم ڈویژن اور سرمایہ کاری بورڈ کے ارکان بھی شامل ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے پاور ڈویژن کی تجویز پر تھل، نووا پاور تھر پرائیویٹ لمیٹڈ اور تھر انرجی لمیٹڈ عملدرآمدی معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے وزارت داخلہ کی جانب سے ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور کے پی (نارتھ) پشاور کیلئے ایف سی کے پی (نارتھ) ٹریننگ سنٹر ورسک کی اپ گریڈیشن اور فاٹا لیویز ٹریننگ سنٹر شکاس سمیت مختلف منصوبوں کیلئے 670.553 ملین روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ کے اجراءکی بھی منظوری دےدی۔ ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو سبسڈی اور ضروری اشیاءجیسے آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی فراہمی کیلئے 6 ارب روپے کی تکنیکی اضافی گرانٹ فراہمی کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے بی آئی ایس پی سے 4 ارب روپے فنڈز کی منتقلی اور فنانس ڈویژن کے ذریعے 2 ارب روپے کے مزید انتظامات کے حوالہ سے تجویز پر بھی بحث کی تاکہ اس سبسڈی کو عام لوگوں تک پہنچایا جائے، اس مقصد کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر نجکاری میاں سومرو، گورنر سٹیٹ رضا باقر اور چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر شامل ہیں۔ ای سی سی نے پاسکو گوداموں سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو فراہمی کی غرض سے وزارت نیشنل فوڈ، سکیورٹی و ریسرچ کیلئے 2 لاکھ ٹن گندم جاری کرنے کی منظوری دی۔

مزید خبریں