مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

107

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے سٹاک مارکیٹ کے استحکام کیلئے نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کیلئے 20 ارب روپے مالیت کی ساورن گارنٹی جاری کرنے کی تجویز کی منظوری دےدی ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سابق فاٹا کے عارضی طور پر بے گھر افراد کیلئے گندم کے انتظام کیلئے 78 کروڑ روپے کی گرانٹ سمیت متعدد وزارتوں اور ڈویژنوں کیلئے ضمنی اور تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دےدی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ملک کی سٹاک مارکیٹ کو مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فنانس ڈویژن کی جانب سے نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کیلئے 20 ارب روپے مالیت کی ساورن گارنٹی جاری کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سیکرٹری نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ملک میں گندم کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گندم کی صورتحال تسلی بخش ہے اور سٹاک میں 7.257 ملین ٹن گندم موجود ہے۔ اجلاس کے دوران وزارت میری ٹائم افیئرز کی جانب سے جہاز رانی کی صنعت کی بہتری کیلئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ کمیٹی نے ان تجاویز کا جائزہ لیا اور اس ضمن میں وزارت میری ٹائم افیئرز اور وزارت پٹرولیم کو مشترکہ طور پر آئندہ اجلاس کیلئے متفقہ جامع تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ مقامی جہاز رانی کی صنعت کو ترقی دینے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سابق فاٹا کے عارضی طور پر بے گھر افراد کیلئے 20 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کیلئے 78 کروڑ 15 لاکھ 91 ہزار گرانٹ کی منظوری دےدی۔ اجلاس میں متعدد وزارتوں اور ڈویژنوں کیلئے ضمنی اور تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔