وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کی پناہ کے افطار ڈنر پر بات چیت

اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے ،سابقہ حکومتوں کی عدم دلچسپی کے باعث طبی شعبہ میں کام کرنے والوںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عوامی مسائل سابقہ حکومتوں کی ترجیحات میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں ،تمباکو مصنوعات پر ٹیکس لگانے کے لئے معاملات طے ہو چکے ہیں جس کا اعلان بجٹ میں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نوشین حامد، سینٹر کلثوم پروین، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے آج قوم کے باصلاحیت کمیونٹی کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع فراہم کیا، طب ایک مقدس پیشہ ہے اور آج اپنی کمیونٹی کے ساتھ بیٹھ کر فخر محسوس کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ سیاستدان بننا آسان کام ہے جبکہ ڈاکٹر بننا ایک مشکل مرحلہ ہے، اگر مجھے پروفیشن چننے کا کہا جائے تو میں ڈاکٹری کے شعبے کا انتخاب کروں گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی مسائل سابقہ حکومتوں کی ترجیحات میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات پیدا ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ آپکی طرف سے تمباکو مصنوعات پر ٹیکس کے مطالبے پر معاملات طے کرلئے گئے ہیں اور آنے والے بجٹ میں ٹیکسز کا اعلان کیا جائے گا، اگر ہم نے قبل از وقت اعلان کردیا تو ٹوبیکو انڈسٹری میں بھونچال آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی مسئلہ ہے اس میںملک و قوم کا مفاد ہے۔ اس موقع پر صدر پناہ میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی نے پارلیمنٹیرینز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کی طرف سے سگریٹ سستے ہونے کی وجہ سے بیماریوں میں اضافے کے علاوہ ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ پناہ پچھلے تین سالوںسے تمباکو ٹیکس اصلاحات پر بھر پور مہم چلا ر ہی ہے اور اس میں کافی ساری کامیابیاں بھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پارلیمنٹیرینز سے درخواست کروں گا کہ وہ ہماری اس مسئلہ میں مدد کریں اور ٹیکس پالیسی کو بہتر کرنے کے لیے ایوانوں میں آواز اُٹھائیں تاکہ ہم اپنے ملک سے بیماریوں کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ملک کے ریوینو میں بھی اضافہ کر سکیں۔ اس موقع پر پناہ کے جنرل سیکرٹری ثناءاللہ گھمن نے کہا کہ پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) گزشتہ 25 سال سے لوگوں میں دل کی بیماریوں کی روک تھام کے متعلق آگاہی پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل کی بیماری کی وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ تمباکو نوشی ہے اور ہر روز ملک میں تقریباً400 سے زیادہ لوگ موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقریبا5 ہزار لوگ سگریٹ نوشی کی وجہ سے روزانہ ہسپتالوں میں داخل ہو رہے ہیں۔