اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کی سفیر مصباح کھر نے منگل کو جمہوریہ ازبکستان کے سینیٹر حسن ارماتوف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ مصباح کھر نے اس موقع …
مصباح کھر کی ازبکستان کے سینیٹر حسن ارماتوف سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی ) کی سفیر مصباح کھر نے منگل کو جمہوریہ ازبکستان کے سینیٹر حسن ارماتوف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ مصباح کھر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے بڑھتے ہوئے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دو برادر ممالک کے درمیان تعاون کے دائرہ کار میں وسعت اور تعلقات کی مثبت پیشرفت اطمینان بخش ہے۔
حالیہ سفارتی پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے مصباح کھر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ تاشقند کو ایک سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ اس دورے سے تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، اعلیٰ سطحی سٹریٹجک تعاون کونسل کے قیام اور واضح ٹائم لائنز پر مشتمل جامع روڈ میپ کی منظوری کو دوطرفہ تعلقات میں اہم کامیابیاں قرار دیا۔پارلیمانی تعاون کو پاکستان–ازبکستان تعلقات کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے مصباح کھر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بصیرت افروز قیادت میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے کامیاب انعقاد کے بعد پارلیمانی روابط میں نئی جان پڑی ہے۔
دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی پارلیمانی تبادلوں اور بین الاقوامی پارلیمانی فورمز میں فعال شرکت کا خیر مقدم کیا گیا اور انہیں باہمی مفاہمت، استعداد کار میں اضافے اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے لئے اہم قرار دیا گیا۔ مصباح کھر نے پاکستان کی نوجوان آبادی، جو ملک کی مجموعی آبادی کا تقریباً 60 فیصد ہے، کو ایک قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطے کی ترقی، بشمول ازبکستان کے ساتھ تعاون میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے ازبکستان کے ترقیاتی ماڈل کو خطے کے لئے ایک قابلِ تقلید مثال بھی قرار دیا۔
دوطرفہ تجارت میں مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک نے آئندہ برسوں میں تجارتی حجم کو دو ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ براہِ راست پروازوں کی بحالی سمیت فضائی رابطوں میں بہتری کو عوامی اور تجارتی روابط کے فروغ کے لئے اہم قرار دیا گیا۔ علاقائی رابطہ کاری کے منصوبوں خصوصاً ٹرانس افغان ریلوے منصوبے اور ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ کوریڈورز کو علاقائی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کے لئے انقلابی منصوبے قرار دیا گیا۔
ملاقات میں تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے اور پاکستان–ازبکستان تعلقات کی بھرپور صلاحیت کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر سینیٹر حسن ارماتوف نے انٹر پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان برادر مسلم ممالک کی حیثیت سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستانی عوام کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔







