قاہرہ ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نواح میں زیر تعمیر نئے انتظامی شہر میں 2.44 بلین ڈالر کی لاگت سے کمیونیکیشن نیٹ ورک قائم کرنے کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا۔ نیو کپیٹل سٹی قاہرہ کے مشرق میں 700 مربع کلو میٹر پر قائم کیا جا رہا ہے جو اپنی تکمیل پر مصری حکومت کا نیا انتظامی شہر ہو گا۔مصر کی وزارت مواصلات کے مطابق نئے شہر کی تعمیر کے پہلے مرحلے میں168 مربع کلو میٹر پرسفارتی رہائش گاہیں و دفاتر ، مالیاتی ضلع اور وزارتوں کے لئے دفاتر تعمیر ہوں گے جبکہ ایک بڑی مسجد،چرچ ،ہوٹل اورکانفرنس سنٹر کی تعمیر ہو چکی ہے۔مصر کی حکومت آئندہ سال کی وسط سے نئے دارلحکومت کو آپریشنل کرنا چاہتی ہے۔