مصروف بین الاقوامی کرکٹ مصروفیات ، لیام لیونگسٹون بگ بیش لیگ سے دستبردار

102

لندن۔22نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر لیام لیونگسٹون دورہ پاکستان کے باعث آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔29 سالہ لیام لیونگسٹون ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔

جارح مزاج بلے باز لیام لیونگسٹون کو اوورسیز ڈرافٹ میں میلبورن رینیگیڈز نے منتخب کیا تھا۔میلبورن رینیگیڈز کا کہنا ہے کہ لیام لیونگسٹون کی بین الاقوامی مصروفیات بڑھ گئی ہیں اور وہ دسمبر میں ٹیسٹ سکواڈ کے ساتھ مصروف ہیں۔میلبورن رینیگیڈز کے مطابق ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل کے ساتھ پہلے 4 میچز کا معاہدہ کیا گیا ہے۔

میلبورن رینیگیڈز کے جنرل منیجر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں لیام لیونگسٹنون کی عدم دستیابی پر مایوسی ہے لیکن ہم فیصلے کو سمجھتے ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے پنڈی سٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

لیونگسٹون کو ابتدائی طور پر بی بی ایل کے پہلے حصے میں شرکت کے لیے تیار کیا گیا تھا اور جنوری میں نئی سائوتھ افریقا ٹی ٹونٹی لیگ میں کھیلنے کے لیے دستخط کرنے کے بعد دوسرے ہاف سے محروم ہو گئے تھے۔ لیام لیونگسٹون کو 12 ون ڈے اور 29 ٹی ٹونٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔