قاہرہ ۔21اکتوبر (اے پی پی):مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان نےٹیلی فونک رابطہ کیا اور غزہ کی پٹی کی صورتحال میں پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔
دونوں صدور نے امن کو آگے بڑھانے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کو متحد پوزیشن کی طرف متحرک کرنے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ ترک صدر اردوان نے انسانی ہمدردی کی کوششوں کو مربوط کرنے اور امن کے راستے کو فروغ دینے میں مصر کے کردار کو سراہا۔
دونوں صدور نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کیا اور ساتھ ہی غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کے داخلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں نے فلسطینیوں کے معاملے پر عالمی برادری کے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانونی جواز کے فیصلوں کے مطابق دو ریاستی حل پر عمل کیا جانا چاہیے۔