اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی دو روزہ سرکاری دورے پر آج ہفتہ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو مشترکہ عقیدے، ثقافتی وابستگی اور علاقائی اور بین …
مصر کے وزیر خارجہ دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی دو روزہ سرکاری دورے پر آج ہفتہ کو پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو مشترکہ عقیدے، ثقافتی وابستگی اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ نقطہ نظر پر مبنی ہیں۔ یہ پاکستان-مصر تعلقات کی سٹریٹجک سمت کو مزید مستحکم کرنے اور انہیں سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور عوام کے درمیان تعاون پر توجہ دینے کے ساتھ وسیع تر راہ پر گامزن کرنے میں کردار ادا کرے گا۔
دورے کے دوران مصری وزیر خارجہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات اور بات چیت کریں گے۔ بیان کے مطابق بات چیت کے دوران فریقین دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور غزہ کی صورتحال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ مصر کے وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور مصر کے تعاون کو تقویت دے گا اور اس کے نتیجے میں دونوں برادر ممالک دیرینہ شراکت داری کو مزید آگے بڑھائیں گے۔








