مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جس کے باعث اس شعبہ میں آگے بڑھنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ جاپانی ٹی وی نیوز 24(این ٹی وی) کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران صدرمملکت …

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جس کے باعث اس شعبہ میں آگے بڑھنے کے بے پناہ امکانات ہیں۔ جاپانی ٹی وی نیوز 24(این ٹی وی) کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران صدرمملکت نے کہا کہ میں نے ذاتی کوششوں سے مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں تربیتی نظام شروع کیا جس کے تحت دو سال میں ایک لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہرین تیار کیے جائیںگے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حکومت جاپان کی دعوت پر جاپان کے شہنشاہ نارو ہیٹو کی تاج پوشی کی تقریب کے سلسلہ میں جاپان کے دورہ پر ہیں، صدر مملکت نے جاپان کی سافٹ ویئر کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آ کر سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈویلپمنٹ میں انہیں بے پناہ پذیرائی مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاپان کی سرمایہ کاری کے لئے بہت سے شعبے ہیں خاص طور پر سافٹ ویئر کی تیاری میں انہیں بہت زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے جاپانی کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے جو ایک بہت بڑی مارکیٹ بھی ہے۔ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ وہاں صورتحال انتہائی خراب ہے اور بھارتی قیادت کی طرف سے اختیار کیے گئے حربے اس صورتحال میں مزید بگاڑ کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتا ہے، پاکستان امن اور مذاکرات چاہتا ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جاپان کی ثقافت اور تاریخ سے بہت لگائو ہے جب کبھی میں جاپان آتا ہوں یا پاکستان میں جاپانی لوگوں سے ملتا ہوں تو مجھے ہمیشہ محبت، شگفتگی، وضع داری اور خوشی کا احساس ہوتا ہے ۔ میں جاپانیوں کے دھیمہ پن اور رکھ رکھائو کو بہت پسند کرتا ہوں۔ تاج پوشی کی تقریب میں شرکت میرے لئے خوشی اور اعزاز کا باعث ہے، یہ یہاں کی پرانی روایت ہے۔