اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پینٹنگز مصور کے احساسات، جذبات اور خیالات کی عکاس ہوتی ہیں، مصور کے خیالات اور احساسات جتنے پاکیزہ ہوں گے اس کی پینٹنگ بھی اتنی ہی اچھی اور دلوں کو موہ لینے والی ہوں گی، رابعہ ذاکر کی پینٹنگ بیت اللہ شریف اور روضہ رسولﷺسے ان کی گہری وابستگی، لگائو اور محبت کا اظہار ہے، یہ فن پارے ہماری نسل کے دلوں میں گہرے مذہبی جذبات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے،فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے مصور اپنے فن پاروں سے ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار معروف آرٹسٹ رابعہ ذاکر کی سینٹورس مال اسلام آباد منعقد کی جانے والی فن مصوری کی نمائش”روحانی سفر” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے بتایا کہ اس نمائش نے ان کے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے سفر کی یادیں تازہ کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رابعہ ذاکر کی یہ نمائش ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب مسلمان کوویڈ 19 وبا کی وجہ سے روضہ رسول ﷺاور بیت اللہ شریف کو دیکھنے نہیں جا سکتے ،یہ ان مقدس مقامات کی یادیں تازہ کرے گی۔انہوں نے مصور سے روحانی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام ان کے مقدس مقامات کے بارے میں خیالات کی پاکیزگی کا اظہار ہے۔
انہوں نے رابعہ ذاکر کے کام کو سراہا اور سینٹورس انتظامیہ کے اس مقدس مقصد میں تعاون کو سراہا۔ آرٹسٹ رابعہ ذاکر اور مینجمنٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔سینٹورس انتظامیہ نے سینٹورس مال کا ماڈل ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کیا۔