مضبوط اور مربوط معاشرے کی تشکیل کے لیے شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، صبا صادق

102

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے کہا ہے کہ ایک مضبوط اور مربوط معاشرے کی تشکیل کے لیے شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں  پارلیمنٹیرینز کمیشن برائے انسانی حقوق (پی سی ایچ آر) کے زیر اہتمام "ٹوگیدر فار ٹولرنس: اقلیتوں کے حقوق اور شمولیت کو مضبوط بنانا” پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور کلیدی مقرر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ٹوگیدر فار ٹولرنس” پروجیکٹ سول سوسائٹی کی تنظیموں کی جانب سے شمولیت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور مساوات، احترام اور بین المذاہب مکالمے کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صبا صادق نے سی ایس جے ،پی سی ایچ آر اور ان کے شراکت داروں، بشمول یورپی یونین کے نمائندے، اے جی ایچ ایس، ٹی ڈی ای اے،ایچ آر سی پی اور یو این ڈی پی کی کوششوں کو سراہا جو ان اہم اقدار کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔انھوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایسے اقدامات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے جنہوں نے اس منصوبے کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مذہبی اقلیتوں کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا۔