مظفرگڑھ ،اراضی کے تنازعہ پر بزرگ خاتون پر تشدد کرنے والے ملزمان گرفتار،مقدمہ درج،پولیس ذرائع

77

مظفرگڑھ۔ 14 اپریل (اے پی پی):تھانہ پیر جگی کی حدود میں زمین کے تنازعے پر بزرگ خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نےایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس زرائع کے مطابق محکمہ مال کی ٹیم نے زمین کا تنازعہ حل کرنے کےلئے دونوں فریقین کو موقع پر اکٹھا کیا ہوا تھا، ضعیف خاتون کے دوسرے فریق کو سمجھانے کی کوشش پر دوسرے فریق نے بزرگ خاتون پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا،لواحقین نے بزرگ خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

ایس ایچ او تھانہ پیر جگی کے مطابق بزرگ خاتون پر تشدد کی وڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے 2 ملزمان منیر اور عرفان کو گرفتار کر لیا،جبکہ مقدمے میں نامزد تیسرا ملزم عاشق حسین دل کا مریض ہے اور نشتر ہسپتال داخل ہے۔ایس ایچ او کے مطابق محکمہ ریونیو کا عملہ پولیس کو اطلاع دئیے بغیر چکنمبر 170 ٹی ڈی اے میں اراضی کا فیصلہ کرنے گیا تھا، جھگڑے میں دونوں فریقین سے بزرگ خاتون سکینہ بی بی اور محمد رمضان زخمی ہوئے ہیں ۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد فوری طور پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے 2 ملزمان گرفتار کر لئے، 1 ملزم ہسپتال میں زیر علاج ہے باقی 2 کی تلاش جاری ہے۔ اس موقع پر ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی،گرفتار ملزم عرفان ندیم نے ویڈیو کو حقائق کے منافی اور خود ساختہ قرار دیا ہے۔